آل فیتھ سپریچوئیل آرگنائزیشن کے زیر اہتمام ہرسال کی طرح اس سال بھی جشنِ عید میلاد النبی ﷺعظیم الشان طریقے سے منایا گیا ۔سالانہ مشعل بردار ریلی حضرت صابر شاہ شہید ؒ سے روانہ ہوئی جس میں شامل بگھیوں اور اونٹوں کوخوبصورت انداز سے سجایایا گیا تھا ۔ریلی میں مختلف عقائد سے تعلق رکھنے والے مردو خواتین نے شرکت فرمائی ۔ریلی کا افتتاح پریزیڈنٹ آل فیتھ سپریچوئیل آرگنائزیشن محترمہ خالدہ گوھرصاحبہ کی درخواست پر پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما جناب میاں ماجد حسین صاحب نے کیا۔تنظیم کا پرچم شرکاء ریلی میں تقسیم کیاجس سے اس سال ریلی کا منظر مزید دوبالا ہو گیا ۔فرنٹ پر مشعل بردار کارکن ،اُن کے پیچھے پرچم بردار کارکن پیدل مارچ کررہے تھے ۔ان کے پیچھے موٹر سائیکل اور بعد میں پرچم لہراتی ہوئی بگھیوں میں خواتین اور اُن کے پیچھے آخر میں اونٹوں کی قطار ۔اس طرح حضور نبی کریم ﷺکی آمد کی خوشی میں نعتیں اور درودوسلام کے نذرانے پیش کرتے ہوئے مارچ کر رہے تھے ۔مشعل بردار ریلی دربار صابر شہید ؒ سے روانہ ہوئی او ر یاد گار چوک پر کچھ دیر کے لیے نعت خوانی کے لیے رُکی اور پھر یہاں سے روانگی ڈھول اور باجے کی شہنائی سے ہوئی جو آخر تک ڈھول کی تاپ پر حضور نبی کریم ﷺکے عشق میں مختلف مقام پر دھمال ہوتی رہی ۔راوی روڈ سے گزرتی ہوئی گول باغ گراؤنڈ کریم پاک پہنچی جہاں پر رہنما پاکستان تحریک انصاف جناب چوہدری محمد اصغرصاحب نے اپنے گھر میں ریلی کو خوش آمدید کہنے کے لیے شاندار انتظام کیا ہوا تھا ۔اُن کی مسز ناہید چوہدری صاحبہ نے خواتین شرکاء ریلی کو پھولوں کی مالا پہنائی اورچوہدری اصغر صاحب نے شرکاء ریلی کے مرد و حضرات کو مالا پہنائی اور شرکاء ریلی کو جشنِ عید میلاد النبی ﷺکی مبارک باد دی اور اس کے بعد شرکاء ریلی آدھے گھنٹے تک نعت رسولِ مقبول ﷺکے نذرانے پیش کرتے رہے ۔چیف آرگنائزر آل فیتھ سپریچوئیل آرگنائزیشن جناب شبیر احمد صاحب نے چوہدری اصغر صاحب کے ہاں کثیر تعداد میں جمع خواتین و حضرات سے خطاب کرتے ہوئے تنظیم کے اغراض و مقاصد بیان کیے جس میں انہوں نے کہا کہ ہر تنظیم کا کوئی نہ کوئی مقصد ہوتا ہے اور آل فیتھ کا بھی ایک مقصد ہے جو کہ پیر و مرشد حضرت سیّد نا ریاض احمد گوھر شاھی مدظلہ العالی کے حکم کے تحت قریہ قریہ کوچہ کوچہ لوگوں کو اللہ اوراُس کے محبوب حضرت محمد ﷺسے دوستی کروانے میں مشغول ہے ۔یہ دوستی زبان سے نہیں بلکہ دل سے ہوتی ہے ۔دِل کی دھڑکنوں کو اللہ اللہ میں تبدیل کرنے سے دوستی کی بنیاد پڑتی ہے ۔ہمارامقصد آپ لوگوں کے محلے میں آکر آپ کو اپنی طرف مائل کرنا یاآپ سے کوئی مفاد حاصل کرنا نہیں ہے بلکہ آپ لوگوں میں سے موجود اُن روحوں کو اللہ تعالیٰ تک رسائی کروانا ہے جو اس کی اہل ہیں کیونکہ یہ دولت سب کے نصیب میں نہیں ہے اس لیے ہم سب کو یہ دعوت دیتے ہیں کہ اپنی قسمت آزماکر دیکھو اور میراثِ مصطفی ﷺکے امین حضرت سیّدناریاض احمد گوھر شاھی مد ظلہ العالی کی نظرِ اطہر کے طفیل پیغام آل فیتھ سپریچوئیل آرگنائزیشن کو اپنے من میں اتارنے کی کوشش کرو۔اگر اللہ تعالیٰ نے چاہا تو آپ کو اپنی دوستی کے لیے چن لے گا نہیں تو جتنی دیر کوشش کرو گے اُس کا ثواب تو ملے گا ہی نا۔اس موقعہ پر تما م اہلِ محلہ کو شبیر احمد صاحب نے ذکرِ قلب کا اذن دیا اور اُس کے بعد چوہدری اصغر صاحب شبیراحمد صاحب اور دیگر شرکاء ریلی سے کیک کٹوایا اور مسز ناہید اصغر چوہدری صاحبہ نے کیک اورجوس تمام شرکاء ریلی میں تقسیم کیا۔
جلوس اپنے مقررہ راستے سے ہوتا ہواموہنی روڈ چوک سے گزراجس میں علاقے کی مشہورومعروف شخصیت جناب بھلی بٹ صاحب تحریک انصاف کے دفتر کے سامنے پہنچا ۔
جلوس کوسیّد عاصم کاظمی امیدوار جنرل کونسلر چےئر مین فاروق صدیقی اور وائس چےئر مین ملک جمشید صاحب نے روک کر حضور پاک ﷺکی آمد کی خوشی میں نعرے لگائے اور ال فیتھ تنظیم کے ذمہ داران کو مبارک باد دی اور مرشد پاک حضرت سیّدنا ریاض احمد گوھر شاھی مدظلہ العالی کے مشن کو سراہا اور ریلی کے شرکاء میں جوس تقسیم کیے او رآل فیتھ کے ذمہ داران کو چادریں اور پھولوں کی مالا پیش کیں۔اس کے بعد جلوس حضرت شادے شاہ ؒ کے دربار کے سامنے پہنچا تو حضرت شادے شاہ سرکار ؒ کے سجادہ نشین جناب صاحبزادہ سیّد حسن علی شاہ صاحب نے جلوس کو خوش آمدید کہا ۔انہوں نے خوبصورت بینرز سے روڈ سجایا ہوا تھا جس پر شرکاء جلوس آل فیتھ کو خوش آمدید اور حضور نبی کریم ﷺکی آمد کی خوشی منانے پرآل فیتھ کو مبارکباد کی تحاریر تھی۔صاحبزادہ سیّد حسن علی شاہ صاحب نے تمام شرکاء ریلی میں جوس تقسیم کروائے جس کا مس فرح شائستہ خان نے صاحبزادہ صاحب اور اُ ن کے ساتھ موجود شرکاء اہلِ محلہ کا شکریہ ادا کیا اور ان کو مبارک باد دی اور حضرت سیّدنا ریاض احمد گوھرشاھی مدظلہ العالی کے مشن کا پیغام دیا۔اس وقت جلوس کثیر تعداد پرمشتمل تھا لیکن آل فیتھ کے ذمہ داران جناب ملک رضوان ،جناب ملک بلال اور اُن کے ساتھ مس فرح شائستہ خان اور ان کے ساتھ دیگر کارکنان نے بہت ہی اچھے طریقے سے سارے راستے جلوس کو ایک بہت ہی منظم طریقے سے رواں دواں رکھا۔حضرت شادے شاہ ؒ کے دربار سے روانہ ہو کر شاہ جہاں روڈ پر واقع خورشید میرج ہال پر جلوس کو روکا گیا جہاں پر محترمہ خالدہ گوھر صاحبہ پریذیڈنٹ آل فیتھ نے ریلی کے شرکاء کے لیے لنگر کاانتظام کیا ہواتھا ۔محترمہ خالدہ گوھر صاحبہ نے تمام شرکاء ریلی میں بہت ہی منظم طریقہ سے لنگر تقسیم کروایا۔لنگر کے بعد شرکاء جلوس درودوسلام کے نذرانے پیش کرتے ہوئے چلہ گاہ حضرت بابا فرید ؒ چوک سے ہوتے ہوئے لوئر مال پہنچے ۔وہاں سے کربلا گامے شاہ سے جلوس گزرتا ہوا حضور فیضِ عالم حضرت داتا گنج بخش ؒ کے دربا رِ عالیہ کے سامنے پہنچا جہاں پر آل فیتھ کے چیف آرگنائزر جناب شبیر احمد صاحب نے اختتامی دُعا کے بعد تمام شرکاء جلوس کا شکریہ ادا کیا ۔خاص کر خواجہ سراتنظیم کی رہنما مسز نیلی صاحبہ اور اُنکی ساتھیوں ،میڈم مریم مسیح اور اُن کے ساتھیوں کا شکریہ ادا کیا اور خاص طور پر سکھ رہنما جناب سردار رنجیت سنگھ اور اُن کے سنگیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ سب نے آقادوعالم ﷺکی آمد کے موقع پر آل فیتھ سپریچوئیل آرگنائزیشن کے ساتھ مل کر نعت درودوسلام کے نذرانے پیش کیے ہیں ۔دُعا ہے کہ آقادوعالم ﷺآپ کے اس جذبے کو قبول فرمائیں۔
جاری کردہ
شعبہ نشرواشاعت لاہور