جمعرات , جون 1 2023

قرآن پاک کی حرمت

امریکی پادری قرآن جلانے پر بضد،اسلامی ممالک سراپا احتجاج
انڈونیشیا میں مسلمانوں کے ساتھ عیسائیوں کے بھی مظاہرے ،پاکستان میں کل یومِ احتجاج ہوگا
یہ شرمناک فعل ہوگا۔ہیلری،امریکی اٹھ کھڑے ہوں ۔کرولی،بانکی مون اور ویٹیکن کی بھی مذمت
واشنگٹن،فلوریڈا،اسلام آباد ،لاہور(اے ایف پی ،نیوز ایجنسیاں ،جنرل نیوز رپورٹر)امریکی پادری کی طرف سے سانحہ نائن الیون کی برسی پر قرآن پاک نذر آتش کرنے کے ناپاک منصوبے کیخلاف اسلامی ممالک سراپا احتجاج بن گئے ۔افغانستان اور انڈونیشیا میں ا س منصوبے کے خلاف مظاہرے بھی کئے گئے ہیں ۔مصر کی جامعۃ الازہر کے سکالر شیخ عبدالمتیع البرومی نے خبردار کیا ہے کہ امریکی چرچ کے اس مذموم اقدام سے مسلم دنیا کے ساتھ امریکہ کے تعلقات متاثر ہوسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے انتہا پسندی کو فروغ ملے گا۔لبنان کے صدر مائیکل سلیمان نے اسے عیسائی تعلیمات کے متضاد جبکہ اردن کی اپوزیشن جماعت اسلامک ایکشن فرنٹ نے اسے اعلان جنگ کے مترادف قراردیاہے ۔انڈونیشیا میں مسلمانوں کیساتھ عیسائی بھی بدبخت امریکی پادری کے اس اعلان کیخلاف سراپا احتجاج بن گئے ۔ادھر اوباما انتظامیہ ،ویٹیکن اور نیٹونے بھی اس منصوبے پر تشویش کا اظہار کیا ہے ۔امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن نے قرآن کریم کے نسخے جلانے کے منصوبے کو گستاخانہ اور انتہائی شرمناک فعل قرار دیتے ہوئے اسے عدم احترام پر مبنی حرکت قرار دیدیا ہے ۔ہیلری کلنٹن نے محکمہ خارجہ میں مسلم کمیونٹی کے اعزاز میں افطار ڈنر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ فلوریڈا میں قرآن کریم کے نسخے جلانے کے منصوبے کی تمام طبقات نے ایک آواز ہوکرواضع الفاظ میں مذمت کی ہے اور اسے گستاخانہ اور عدم احترام پر مبنی حرکت قرار دیا ہے ۔امن عالم کیلئے مذہبی رواداری کو فروغ دینے کی ضرورت ہے ۔امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان پی جے کرولی نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یہ اشتعال انگیز ،عدم احترام اور عدم برداشت پر مبنی اقدام ہے جس کی ہرگز اجازت نہیں دی جاسکتی ۔ہم چاہتے ہیں کہ امریکی ا قدام کیخلاف اٹھ کھڑے ہوں ۔قرآن نذآتش کرنے سے انتہاپسندی کوہوامل سکتی ہے۔اسلام آبادمیں امریکی سفارتخانے کے ناظم الاموراسٹیفن سی اینگ لیکن نے کہا ہے کہ ہم ایسے اقدامات کی مذمت کرتے ہیں جواہانت آمیزاورعدم رواداری پرمبنی ہوں اورلوگوں میں پھوٹ ڈالتے ہوں۔ہم مذہبی آزادی اوراظہار رائے کی آزادی پر یقین رکھتے ہیں۔اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون اور ویٹیکن نے بھی قرآن پاک جلانے کے منصوبے کی مذمت کرتے ہوئے اسے اشتعال انگیز قرار دیاہے اور کہا ہے کہ اس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے ۔واضع رہے کہ قرآن جلانے کے مذموم منصوبے کی وسیع پیمانے پر مذمت کے باوجود فلوریڈا کے چرچ کے پادری ٹیری جونز نے کہاہے کہ اسے عالمی مذمت کی پروا ہ نہیں اور گیارہ ستمبر کو قرآن کے نسخے نذرِآتش کئے جائیں گے ۔پادری ٹیری جونز کے اعلان کے تناظر میں امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر جنوی یسل میں سکیورٹی کے انتظامات سخت کردئیے گئے ہیں۔دریں اثناء ملک کی مذہبی جماعتوں نے امریکہ میں قرآن پاک نذرِ آتش کرنے کے منصوبے کیخلاف جمعہ کو یومِ احتجاج منانے کا اعلان کیا ہے ۔یہ اعلان مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علماء اکرام نے گزشتہ روز جمعیت علماء اسلام کے مرکزی رہنما مولانا سیف الدین سیف کی رہائش گاہ پر منعقد ہ اجتماع میں کیا جس میں تحریک حرمتِ رسول کے کنوینئر مولانا امیر حمزہ ،جمعیت علماء اسلام کے سیکرٹری اطلاعات مولانا امجد خان ،پنجاب قرآن بورڈ کے چےئرمین علامہ احمد علی قصوری ،تحریک تحفظ حقوق جعفریہ کے سربراہ علامہ مشتاق حسین جعفری ،مرکزی جمعیت اہل حدیث کے نائب امیر مولانا زبیر احمد ظہیر،جمعیت علماء اکرام کے مرکزی رہنمامولانا سیف الدین سیف ،مولانا فصیح الدین جمعیت علماء پاکستان کے رہنما رشید احمد رضوی ،مولانا نور المصطفیٰ ودیگرشریک تھے ۔انہوں نے کہا کہ نائن الیون کے موقع پر امریکہ کے اندر اگر قرآن پاک نذرِ آتش کئے گئے تو پوری دنیا کے مسلمان امریکہ کیخلاف سراپااحتجاج بن جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ او آئی سی کا ہنگامی اجلاس مکہ میں طلب کیا جائے اور اس صورتحال کا سخت نوٹس لیا جائے ۔
مذکورہ بالا خبرپر تبصرہ کرتے ہوئے شبیراحمد چیف آرگنائزر نے کہا کہ قرآن اللہ کی کتا ب ہے اور اسکی حفاظت کی ذمہ داری بھی اللہ تبارک وتعالیٰ کی ذاتِ اقدس نے لی ہے ۔یہی وجہ ہے کہ چودہ صدیوں گزر جانے کے باوجود بھی اس میں کوئی تبدیلی نہیں کرسکا۔جہاں تک نعوذبااللہ اس کو جلانے کی بات کی ہے تو ایسا کر کے وہ پادری لازماً اللہ کے عذاب کو آواز دے رہا ہے ۔ایسے شدت پسند ہر مذہب اور فرقے میں موجود ہیں اور اس کے اس اقدام کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے ۔

شعبہ نشرواشاعت

Check Also

تمام عالم اسلام کو عید مبارک

تمام عالم اسلام کو عید مبارک

جواب دیں